ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہوناور شراوتی ندی میں ماہی گیر بوٹ ڈوب گئی؛ 20لاکھ روپے کا نقصان

ہوناور شراوتی ندی میں ماہی گیر بوٹ ڈوب گئی؛ 20لاکھ روپے کا نقصان

Thu, 27 Apr 2017 17:38:05    S.O. News Service

ہوناور27؍اپریل (ایس او نیوز)سمندر سے ماہی گیری کے بعد واپس لوٹنے والی ایک کشتی مچھلی سمیت شراوتی ندی میں ڈوب جانے کا واقعہ پیش آیا ہے جس سے اندازاً 20لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

اطلاع  کے مطابق پیٹر فرنانڈیزکی ملکیت والی مچھلیوں سے بھری ہوئی ماہی گیر کشتی سمندرسے شراوتی ندی کنارے بندر کی طرف آرہی تھی کہ ندی کی تہہ میں جمع شدہ ریت کے تودے سے ٹکراگئی جس سے کشتی کے تختے اکھڑ گئے اور دھیرے دھیرے کشتی غرقاب ہونے لگی۔ دیگر دو کشتیاں اس کی مدد کو پہنچیں مگر ڈوبتی کشتی کو بچایا نہ جاسکا۔بتایاجاتا ہے کہ اس حادثے میں پیٹر فرنانڈیز کو 5لاکھ روپئے مالیت کی مچھلیوں سمیت 15لاکھ روپے مالیت کی کشتی غرقاب ہوجانے سے جملہ 20لاکھ روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔کشتی میں موجود ۴ ماہی گیروں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور وہ تیرتے ہوئے بحفاظت کنارے پہنچ گئے۔

اس علاقے میں ماہی گیری کرنے والوں کا کہنا ہے کہ سمندر اور ندی کے سنگم کے پاس تہہ میں ریت اور مٹی کی مقدار بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور ماہی گیر کشتیوں کے لئے ایک بڑی رکاوٹ اور حادثات کا سبب بن رہی ہے۔ امسال کے ماہی گیری کی سیزن میں اس طرح کایہ چھٹا  واقعہ ہے،  جہاں ماہی گیری کشتیاں حادثے کا شکارہوئی ہیں۔


Share: